انسداد پولیو مہم 26 مئی سے، کوائف میں ہیر پھیر پر سخت کارروائی کا اعلان
لاہور: پنجاب انسداد پولیو پروگرام سربراہ عدیل تصور نے اضلاع کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ 26 مئی بروز پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران اگر کوئی ورکر کوائف کی ہیر پھیر میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
انھوں نے یہ بات انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہی جو جمعرات کے روز منعقد کیا گیا۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام عدیل تصور نے اجلاس کی صدارت کی۔ 36 اضلاع کے محکمہ صحت افسران نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔
انھوں نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سال کی تیسری قومی پولیو مہم کا آغاز پیر 26 مئی سے کیا جا رہا ہے جس کے لئے پولیو ٹیموں کی تربیت بروقت مکمل کی جائے۔ تربیت کے بغیر کوئی ٹیم کو مہم میں شامل نا کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کے ویکسین سے محروم بچوں کو فالو اپ کیا جائے۔ چیلنجز کو چھپانے کی بجائے سامنے لایا جائے۔ کوائف کی ہیر پھیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کوائف کی ہیر پھیر میں ملوث ورکروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اگر بچوں کی انگلی پر نشان نہیں ملا تو وہ ویکسین سے محروم بچہ تصور کیا جائے گا۔ عدیل تصور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گرم موسم میں ورکر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ویکسین کولڈ چین کو برقرار رکھا جائے۔
اگلی مہم دو ماہ بعد منعقد ہو گی، لہذا اس مہم کی کوالٹی اہم ہے۔
مہم کے دوران 2 کروڑ 23 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔