حضرت زینب بنت علی نے اپنے خطبات سے یزیدیت کو لرزہ براندام کردیا۔  علامہ سید حسین مقدسی

 قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے قائم کردہ یوم شریکۃ الحسین کے موقع پر سربراہ ٹی این ایف جے کا پیغام

0
راولپنڈی : شہادتِ ام المصائب حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کی حسرت ناک شہادت کی مناسبت سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا قائم کردہ یوم شریکۃ الحسین جمعہ 16 ذوالحجہ کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا ۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجالس عزا کا انعقاد اور ماتمی جلوس برآمد ہونگے۔ راولپنڈی میں سجادہ نشین سید قاسم علی شاہ کاظمی اور باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی کے زیر اہتمام دربار سخی شاہ پیارا چوہڑ ہڑپال میں مرکزی مجلس عزا 11 بجے دن ہوگی جس سے ملک کے نامور علمائے کرام ، واعظین اور ذاکرین خطاب کریں گے۔ اختتام مجلس معروف شہر اور گردونواح کے مرکزی ماتمی دستے نوحہ خوانی و ماتمداری کریں گے۔ سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ علامہ سید حسین مقدسی نے مرکز علی مسجد سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین ابن علی نے اپنی اور اپنے باوفا جانثاروں کی گراں قدر قربانی دے کر اسلام اور انسانیت کی لاج رکھ لی جسکے طفیل آج پوری دنیا میں پرچم اسلام پوری آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا ہے جبکہ حضرت زینب عالیہ نے ظلم و جبر کا رسن بستہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرکے بے جگری سے اور اپنے  بابا علی کے لہجے میں دل ہلا دینے والے خطبے دے کر یزیدیت کو لرزہ براندام کردیا۔ علامہ مقدسی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آج پوری دنیا میں مساجد میں ہونے والی اذانیں اور نمازیں حضرت زینب کے خطبات کا اثر اور حسینیت کی ابدی فتح کے اعلانات ہیں ۔ انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے رہنما اصولوں ولائے علی، عزائے حسین، حرمت سادات، احترام مرجعیت و مرکزیت کی عملی پیروی کرکے دین و وطن سے محبت کی بنیاد پر ہم اپنی عملی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آمدہ محرم الحرام ایام عزا سے قبل ضابطہ عزاداری کا اعلان کریں گے جو تمام مکاتب کے لیے قابلِ عمل اور سنی شیعہ اتحاد کا بہترین فارمولا ہوگا ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عزاداری مخالف ایس او پیز کے فوری خاتمے کے لیے احکامات جاری کرے بصورت دیگر ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ کی طرح آئیندہ بھی کسی قسم کی پابندیاں ہر گز قبول نہیں کریں گے۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.