کوئٹہ، : بلوچستان حکومت نے صوبے میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ’’کلائمیٹ چینج فنڈ‘‘ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ بدھ کے روز وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت لیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، قدرتی وسائل کے تحفظ، اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی صوبائی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ فنڈ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے موافقت (Adaptation) اور تخفیف (Mitigation) کی حکمتِ عملیوں کی معاونت کرے گا۔ فنڈ کے تحت توجہ کے اہم شعبوں میں قدرتی وسائل کا تحفظ، فطرت سے ہم آہنگ ترقیاتی منصوبہ بندی، اور نیچر بیسڈ سلوشنز (NBS) کے ذریعے ماحولیاتی نظام کی بحالی شامل ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے اس فنڈ کو بروقت اور ناگزیر اقدام قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین خطرات لاحق ہیں، اور ’’یہ فنڈ ہمیں عملی اقدامات کرنے کے قابل بنائے گا تاکہ نہ صرف ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹا جا سکے بلکہ عوام کے لیے ایک صحت مند اور محفوظ ماحول بھی فراہم کیا جا سکے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کلائمیٹ چینج فنڈ ایک اہم پیش رفت ہے۔
ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ فنڈ صوبے بھر میں ماحولیاتی توازن کی بحالی اور شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔