اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے: ڈاکٹر راغب نعیمی
صیہونی جارحیت تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، مسلم دنیا اور عالمی قوتیں فوری کردار ادا کریں – چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا خطبہ جمعہ میں انتباہ
لاہور:چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے قابل مذمت ہیں۔صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔اسرائیل کایہ حملہ تیسری عالمی جنگ کاپیش خیمہ نہ بن جائے لہذا اسرائیل،ایران تصادم روکنے کیلئے عالمی قوتیں اپنا کردار ادا کریں۔اسرائیل کے اس حملے کے نتیجے میں ایران کواپنے دفاع اور جواب دینے کاحق حاصل ہے۔اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ایسے اقدامات پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے دوررس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کافی الفور نوٹس لے اورانسانیت کوبڑی تباہی سے بچانے کیلئے اقدامات کرے۔ پاکستانی عوام ایرانی سائنسدانوں اور فوجی کمانڈرز کی شہادتوں پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ میں جو بدمعاشی کی اسے روکا جاتا تو اسرائیل ایران پر حملے کی جرأت نہ کرتا۔مسلم دنیا کی کمزوری اسرائیل کو دن بدن آگے بڑھنے کی جرأت دے رہی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے اپنے والد گرامی ڈاکٹرمحمدسرفراز نعیمی شہید کے یوم شہادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید نے 14؍ اکتوبر 2008ءمیں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز فتویٰ دے کرعظیم کارنامہ سرانجام دیا۔اسی فتویٰ کوبنیاد بناکر دہشت گردوں نے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید کوان کے چار روحانی بیٹوں کے ساتھ 12؍جون 2009ءکوایک خود کش حملے میں شہید کردیا۔ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید نے اسلام اوروطن عزیز کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ریاست کی بنیادوں کومضبوط کیا،آپ کی دینی وملی اورفلاحی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔