چین کی ایران کی خودمختاری پر حملے کی مخالفت
بیجنگ کا اسرائیلی حملے پر سخت ردعمل، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش
بیجنگ: چین نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر مبنی کسی بھی اقدام کی مخالفت کی ہے اور ایسے تمام اقدامات کی بھی مخالفت کی ہے جو خطے میں کشیدگی بڑھانے اور تنازع کو وسعت دینے کا باعث بنیں۔ یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے جمعہ کے روز اپنی معمول کی بریفنگ میں کہی۔
اسرائیل کی جانب سے ایران کے اندر مختلف اہداف پر حملے کے سوال کے جواب میں لین جیان نے کہا کہ چین اس حملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے اقدامات کے ممکنہ سنگین نتائج پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور کسی ایسے عمل کا بھی مخالف ہے جو خطے میں کشیدگی اور تنازعات کو مزید بڑھا دے۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں اچانک بڑھنے والی کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔
چین نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین صورتحال کو بہتر بنانے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔