ایرانی صدر کی قوم سے اپیل: اسرائیلی جارحیت کا متحد ہو کر مقابلہ کریں
مسعود پزشکیان کا پارلیمنٹ سے خطاب، جوہری تحقیق کے حق کے دفاع اور قومی اتحاد کو ایران کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ قومی اتحاد اور طاقت کے ساتھ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ جوہری توانائی اور تحقیق کے اپنے حق کا بھرپور انداز میں دفاع کرے گا۔
صدر نے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس مذہبی فتوے کو دہرایا جس میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی و ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پوری قوم کو یکجا ہونا ہوگا، کیونکہ اسرائیلی حملے مجرمانہ اور نسل کشی پر مبنی ہیں۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ عوام اور قیادت کے درمیان اتحاد ایران کی سب سے بڑی طاقت ہے اور اسی اتحاد کے ذریعے ہم دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے سکتے ہیں۔