ایران اسرائیل کشیدگی کا عالمی اثر: پاکستان سمیت متعدد ممالک میں فلائٹ آپریشن متاثر
پاکستان میں 16 پروازیں منسوخ، مشرق وسطیٰ اور یورپ کی کئی ایئرلائنز نے ایران، عراق، اسرائیل کے لیے فضائی آپریشن عارضی طور پر بند کر دیا
اسلام آباد : ایران اسرائیل جنگ کی وجہ سے پاکستان، عراق، قطر سمیت مختلف ممالک میں فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
پاکستان میں 16 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں، کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد سے نجف کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں، جدہ، دبئی، بحرین، راس الخیمہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہیں۔
ایران اسرائیل کشیدگی کے پیش نظر سعودی ائیرلائن نے آج اور 17 جون کی ایران عراق کی تمام پروازیں منسوخ کردیں، اسی طرح روس، لبنان، قازقستان، آذربائیجان اور ازبکستان کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب قطر کی ائیرلائن نے ایران، عراق اور شام کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا جبکہ یو اے ای کی ائیرلائن کی اسرائیل، ایران اور عراق کیلئے پروازیں 20 جون تک بند رہیں گی۔
جرمن ائیرلائن نے بھی اسرائیل، عراق، ایران، عمان اور لبنان کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کردیا ہے جبکہ ترک ائیرلائن نےایران کیلئے 19 جون تک پروازوں کومعطل کردیا ہے۔