پاکستان اور پرتگال کے 75 سالہ سفارتی تعلقات کا جشن

دوستی، بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی ہم آہنگی کا خوبصورت امتزاج — سفارتی تقریب نے پاکستان و پرتگال کے دیرینہ تعلقات کو نئی توانائی بخشی

0

راولپنڈی :پرتگال کے قومی دن کی تقریب سرینا ہوٹل اسلام آباد میں جوش و خروش اور سفارتی گرمجوشی کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر پاکستان اور پرتگال کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور دوستی و تعاون کی دیرینہ روایت کو اجاگر کیا گیا۔تقریب میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی جن میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پروفیشنل ایجوکیشن خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ شامل تھے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سفارت کار، اعلیٰ حکومتی حکام اور بین الاقوامی کمیونٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔تقریب کا اہم حصہ کیک کاٹنے کی رسم تھی جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کی علامت تھی۔ تقریب میں پاکستان میں پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پینیرو دا سلوا نے پاکستان کی دیرینہ شراکت داری پر شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پرتگالی حکومت اور عوام کو قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے مابین ثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی قدر مشترک ہے جو دونوں قوموں کو قریب لاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرتگال ہمیشہ شمولیت، امن اور ثقافتی مکالمے کی علامت رہا ہے۔ وہ قدریں جو پاکستان کے کثیرالثقافتی، باہمی رواداری کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔ آج کی تقریب جیسے مواقع ہماری اقوام کے درمیان دوستی کے پل کو مضبوط کرتے ہیں اور باہمی احترام، بقائے باہمی اور ترقی کی مشترکہ اقدار کو یاد دلاتے ہیں۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی سفارتی تقریبات مذہبی ہم آہنگی، بین الاقوامی مکالمے، اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب میں پرتگالی موسیقی، کھانوں اور ثقافتی ورثے کو بھی اجاگر کیا گیا، جس نے مہمانوں کو پرتگال کی خوبصورت ثقافت سے روشناس کرایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.