لوٹن (رپورٹ: شیراز خان)
لندن کے نواحی علاقے لوٹن میں پشتون کمیونٹی سوسائٹی کے زیر اہتمام ایک شاندار اور تاریخی پشتون نائٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور آئرلینڈ سے بڑی تعداد میں پشتون افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان سے تشریف لانے والے سینیٹر تاج محمد خان آفریدی تھے، جبکہ تقریب کے منتظمین میں چئیرمین عبداللہ خان اور سراج خان آفریدی پیش پیش تھے۔
تقریب کے دوران مقررین نے پاکستان کی بقاء، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پشتون قوم ہمیشہ ملک کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بنی رہی ہے۔ سینیٹر تاج محمد، کونسلر راج ولی خان خٹک، زاکر سعید، شفیع اللہ خان سواتی، مشتاق خان گلاسگو سمیت دیگر مقررین نے بیرونِ ملک پاکستان کے دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چئیرمین عبداللہ خان پر مشترکہ اعتماد کا اظہار کیا گیا اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو سینیٹر تاج محمد آفریدی، عبداللہ خان اور سراج خان آفریدی کی جانب سے شیلڈز بھی دی گئیں۔
پروگرام میں روایتی پشتون موسیقی کو چار چاند لگانے کے لیے پاکستان سے مشہور گلوکار ہشمت سحر نے خصوصی شرکت کی اور اپنی آواز کے جادو سے شرکاء کو کئی گھنٹے محظوظ رکھا، جبکہ رضوانہ خان نے اردو گیت پیش کر کے سامعین کو مسحور کر دیا۔
چئیرمین عبداللہ خان نے اعلان کیا کہ محرم الحرام کے بعد اسی نوعیت کے ثقافتی و سماجی پروگرامات برطانیہ کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جن کی تیاریوں اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔ پشتون کمیونٹی سوسائٹی کے اس تاریخی اور رنگا رنگ اجتماع کو برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں، خاص طور پر پشتون برادری کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.