پاکستان کو عالمی سیاحتی برانڈ بنانے کی ہدایت، وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اجلاس
سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی زونز، بین الاقوامی تشہیر اور جدید سہولیات کی فراہمی، وزیراعظم کا پی ٹی ڈی سی کو فوری عملی اقدامات کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سیاحت کے فروغ کو قومی معیشت کی ترقی کے لیے اہم ستون قرار دیتے ہوئے پاکستان کو عالمی سیاحتی برانڈ کے طور پر متعارف کروانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یہ ہدایات انہوں نے سیاحت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں ملک میں موجود سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانے اور شعبہ ٹورازم کو منظم انداز میں آگے بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سیاحتی شعبہ زرمبادلہ کمانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو فطری حسن، قدرتی وسائل اور جغرافیائی تنوع دیا ہے، وہ دنیا کے کسی بھی مشہور سیاحتی ملک سے کم نہیں۔”
شہباز شریف نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں برف پوش پہاڑ، سرسبز جنگلات، نیلگوں دریا، قدرتی میدان اور صحرائی علاقے پاکستان کی وہ خوبصورتی ہے جسے ایک مؤثر عالمی ٹورازم برانڈ بنا کر پیش کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ایسے عملی اقدامات کیے جائیں جن کے ذریعے پاکستان دنیا کے نمایاں سیاحتی ممالک کی صف میں آ جائے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹورازم زونز کے قیام، سیاحتی سرگرمیوں کی تنظیم نو اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے پاکستان کے سیاحتی مقامات تک رسائی کو آسان بنایا جائے گا اور اس ضمن میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں پائیدار اور مستقل سرمایہ کاری کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، تاکہ نہ صرف قومی معیشت کو سہارا دیا جا سکے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔
وزیراعظم کو شمالی علاقوں جیسے کہ گلگت بلتستان، سوات، ہنزہ، اسکردو اور چترال جیسے پرکشش علاقوں کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر، میڈیکل ٹورزم کے فروغ، جدید انفراسٹرکچر، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحت کو قومی ترقی کا ایک مضبوط ستون بنانے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کیے جائیں اور عملدرآمد پر سختی سے نظر رکھی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر برائے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام، وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔