پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے لیے نامزدگیوں کا جائزہ، شفافیت، شمولیت اور میرٹ پر زور

کمیٹی اجلاس میں قومی خدمات پر مبنی نامزدگیوں کا جائزہ، میرٹ، شمولیت اور شفاف طریقہ کار کو یقینی بنانے پر زور

0

اسلام آباد: 
پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے لیے قائم ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس آج کابینہ ڈویژن، اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کی۔ اجلاس میں سیکریٹری انسانی حقوق عبد الخالق شیخ سمیت وزارت کے سینئر افسران اور کابینہ سیکریٹریٹ و دیگر وفاقی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی نامزدگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں ان افراد کو شامل کیا گیا جنہوں نے عوامی خدمت، سماجی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایوارڈز کی نامزدگی کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور قومی شمولیت کے اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔ اس ضمن میں تمام صوبوں، وفاقی اکائیوں، اقلیتوں، خصوصی افراد اور خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ ایوارڈز حقیقی معنوں میں ملک کے تمام طبقات کی خدمات کا اعتراف بن سکیں۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ نامزدگیوں کا انتخاب متعین پالیسی رہنما اصولوں اور ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق ہونا چاہیے۔ صرف ان افراد کو ایوارڈ کے لیے تجویز کیا جائے گا جن کی خدمات قومی سطح پر مؤثر اور نمایاں رہی ہوں۔ روایتی پیشہ ورانہ خدمات یا رسمی تقرریوں کی بنیاد پر ایوارڈز کی سفارش کو قابلِ قبول نہیں سمجھا جائے گا۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر کوئی شخصیت ماضی میں سول ایوارڈ حاصل کر چکی ہے، تو اس کی دوبارہ نامزدگی صرف غیر معمولی اور نئی خدمات کی بنیاد پر ہی کی جا سکتی ہے۔

اجلاس میں اس بات کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا کہ صنفی مساوات، علاقائی توازن، اقلیتی برادری اور معذور افراد کی نمائندگی ایوارڈز کے عمل میں مدنظر رکھی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.