کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز VI کے اتحاد کمرشل ایریا میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے، جس نے شوبز حلقوں اور مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا کے مطابق پولیس ٹیم مقامی عدالت کے حکم پر مذکورہ فلیٹ خالی کرانے پہنچی تھی، جہاں بارہا دروازہ کھٹکھٹانے پر کوئی جواب نہ ملنے کے بعد پولیس نے زبردستی دروازہ کھولا۔ اندر داخل ہو کر دیکھا تو اداکارہ حمیرا اصغر مردہ حالت میں پائی گئیں، وہ مذکورہ فلیٹ میں کرایہ پر مقیم تھیں۔
پولیس کے مطابق بظاہر لگتا ہے کہ لاش 15 دن پرانی ہے تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گزری تھانے کے مطابق، مرحومہ کی شناخت حمیرا دختر اصغر علی، عمر 32 سال کے طور پر ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر فعال اور مقبول رہنے والی حمیرا اصغر نے مشہور ڈراموں "احسان فراموش” اور "گرو” سمیت متعدد پروجیکٹس میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
ان کی ناگہانی موت نے شوبز انڈسٹری کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے، اور مداح سوشل میڈیا پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔