مون سون کی تباہ کاریاں جاری: 26 جون سے 14 جولائی تک 111 افراد جاں بحق

پنجاب سب سے زیادہ متاثر، کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ،این ڈی ایم اے کی رپورٹ

0

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں 26 جون سے 14 جولائی کے دوران 111 افراد جاں بحق اور 212 زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں بجلی کے کرنٹ لگنے سے ہوئیں، جبکہ صوبہ پنجاب جانی نقصان کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 40 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 111 زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں 37 افراد جاں بحق اور 55 زخمی، سندھ میں 17 ہلاکتیں اور 37 زخمی، بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق جبکہ آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی 6 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 463 گھروں کو نقصان پہنچا، 9 پل تباہ یا متاثر ہوئے اور 117 مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں طورغر، چترال اور کوہستان کی سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں چار مکانات کو نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز اور بجلی کے کھلے تاروں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.