اسحاق ڈار اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
وزیر خارجہ اعلیٰ سطح اجلاسوں میں سلامتی کونسل کی صدارت کریں گے، فلسطین و مشرق وسطیٰ پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح تقریبات میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کےمطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک میں پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دستخطی پروگرامز میں شرکت کریں گے۔وہ بین الاقوامی امن، تنازعات کے پرامن حل،اورکثیرالجہتی تعاون کےموضوع پراعلیٰ سطح مباحثے کی صدارت کریں گے،سلامتی کونسل کے سہ ماہی کھلے اجلاس میں مشرق وسطیٰ اورفلسطین کی صورتحال پر بھی ڈار صدارت کریں گے۔
اقوام متحدہ اوراسلامی تعاون تنظیم کےدرمیان تعاون بڑھانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح بریفنگ کی قیادت بھی ان کےشیڈول میں شامل ہےاسحاق ڈارفلسطین کےدو ریاستی حل سےمتعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے ذریعے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔
دورے کےدوران وہ اقوام متحدہ کے حکام اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے،نیویارک کے بعد اسحاق ڈار واشنگٹن میں پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مصروفیات میں شریک ہوں گے۔