اسلام آباد :
ناردن ایریا ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) نے اسلام آباد سے کراچی کے لیے بین الصوبائی بس سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا، جس کا مقصد شہریوں کو طویل فاصلے کی محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس سروس کا افتتاح نیٹکو کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد حسین نے اسلام آباد میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹکو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ادارہ ہے اور اس نئی سروس کا مقصد بھی عوام کو کم لاگت میں بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
محمد حسین کا کہنا تھا کہ نیٹکو ہمیشہ سے شمالی علاقہ جات میں معیاری ٹرانسپورٹ کی پہچان رہا ہے اور اب ہم جنوبی پاکستان کے اہم تجارتی و ثقافتی مرکز کراچی تک اپنی رسائی کو وسعت دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیٹکو کی نئی سروس میں جدید، ایئرکنڈیشنڈ اور آرام دہ کوچز شامل کی گئی ہیں، جو ناصرف وقت کی پابند ہوں گی بلکہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت بھی فراہم کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سروس میں حفاظتی اقدامات، تجربہ کار ڈرائیورز، اور ہیلپ لائن جیسی سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ مسافر سکون اور اعتماد کے ساتھ سفر کریں۔
ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ عوامی رائے اور فیڈ بیک کو سنجیدگی سے لیا جائے گا تاکہ سروس میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیٹکو کی اسلام آباد-کراچی سروس عوامی پذیرائی حاصل کرے گی اور ایک نئی روایت قائم کرے گی۔
واضح رہے کہ نیٹکو ایک سرکاری ادارہ ہے جو ماضی میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر شمالی علاقوں میں قابل اعتماد سروس کی بنا پر شہرت رکھتا ہے۔ اسلام آباد سے کراچی کی یہ سروس مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو ہوائی یا ذاتی سواری کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ دیگر شہروں کے لیے بھی اسی معیار کی سروس جلد متعارف کرائی جائے گی۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.