لاہور: اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب کے وائس چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی زیر التوا شکایات اور کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو فوری، شفاف اور مؤثر انداز میں نمٹائیں۔
اجلاس میں ایک جامع حکمت عملی کی منظوری دی گئی تاکہ زیر التوا کیسز کے حل میں تیزی لائی جا سکے، شکایات کے انتظامی نظام میں بہتری آئے اور مختلف محکموں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
بیرسٹر امجد ملک نے شفافیت، احتساب اور مؤثر رابطے کو اعتماد کی بحالی کے بنیادی ستون قرار دیا اور اعلان کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے براہ راست حل کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران افسران نے انہیں موجودہ شکایات، ان کے حل کی شرح اور ضلعی سطح پر قائم اوورسیز کمیٹیوں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش جائیداد کے تنازعات، خاندانی مسائل اور دیگر سماجی مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آن لائن شکایات کے نظام اور ٹریکنگ میکنزم کی فعالیت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کو باوقار، شفاف اور مؤثر نظام کے ذریعے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔