آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کا اسلام آباد میں شاندار آغاز

لیزر سٹی باؤلنگ کلب میں رنگا رنگ تقریب، ملک بھر کے کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت

0

اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام آزادی کپ ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ کا لیزر سٹی بائولنگ کلب اسلام آباد میں آغاز ہو گیا تفصیلات کے مطابق سیکٹری بین الصوبائی رابطہ منسٹری محی الدین وانی نے رنگا رنگ تقریب میں ایونٹ کا افتتاح کیا۔ تقریب کے موقع پر محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد ایونٹ ہے اور اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ اس موقع پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن اور پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ کامران خالد جنجوعہ بھی تقریب میں موجود تھے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ چیمپئن شپ میں نو کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز،لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف مینز سنگلز، ڈیف لیڈیز سنگلز، ٹیم ایونٹ، میڈیا اور ٹک ٹاکرز کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور پہلے روز سپیشل کیٹیگری ( ڈیف کھلاڑیوں ) کے میچز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے 14 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام یہ مقابلے 2003ء سے ہر سال جشن آزادی کے موقع پر منعقد ہو رہے ہیں۔ تقریب کے آخر میں میوزیکل پرفارمنس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔۔!!

Leave A Reply

Your email address will not be published.