سولانو پاکستان فٹبال کے ہیڈ کوچ مقرر

تاریخی تقرری، کھلاڑیوں کے جذبے اور عالمی تعاون کے ساتھ نئے دور کی شروعات

0

اسلام آباد سید محمد یاسین ہاشمی
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سطح کا بین الاقوامی کوچ پہلے کبھی مقرر نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سولانو کی موجودگی نہ صرف قومی ٹیم بلکہ ہمارے کوچز کے لیے بھی سیکھنے کا ایک سنہری موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تجربہ پاکستان میں جدید فٹبال کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان کی مینز سینئر اور انڈر 23 قومی ٹیموں کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔ یہ میرے لیے ایک بڑی ذمہ داری اور چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان فٹبال کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں لیکن کیمپ میں گزارے گئے چند دنوں میں مجھے بے پناہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا ہے۔ کھلاڑی پرجوش ہیں اور فٹبال کھیلنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ سولانو نے مزید کہا کہ فی الحال ہماری توجہ انڈر 23 اسکواڈ پر ہے اور ہم پوری محنت اور عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.