ٹرمپ کا انکشاف: ’’پاک-بھارت جنگ رکوائی، سات جیٹ پہلے ہی گرائے جا چکے تھے‘‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ، ’’اگر میں نہ ہوتا تو یہ جنگ ایٹمی تصادم میں بدل سکتی تھی‘‘۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر جنگ کو انہوں نے رکوایا، اس وقت تک دونوں ممالک سات جیٹ طیارے مار گرائے جا چکے تھے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ صدر بننے کے بعد انہوں نے کئی بڑی جنگیں رکوائیں جن میں سب سے خطرناک پاک-بھارت جنگ تھی، جو ایٹمی تصادم میں تبدیل ہو سکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی جھڑپیں ایک مختلف سطح پر تھیں، لڑائی زوروں پر تھی اور سات جیٹ پہلے ہی گرائے جا چکے تھے۔ تاہم ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس ملک کے کتنے جہاز تباہ ہوئے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو تجارت کی پیشکش کر کے جنگ سے روکا۔ ان کے بقول، ’’میں نے کہا اگر آپ لڑتے رہے تو ہم آپ کے ساتھ نہ تجارت کریں گے اور نہ کچھ اور کریں گے۔ آپ کے پاس صرف 24 گھنٹے ہیں‘‘۔ اس کے بعد بھارت اور پاکستان جنگ روکنے پر آمادہ ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس جھڑپ میں بھارت کے پانچ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے بھی بعد میں پاکستان کے طیارے گرانے کا دعویٰ کیا لیکن بھارتی میڈیا نے اسے سنجیدہ نہیں لیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اپنے دورِ صدارت میں وہ اب تک سات بڑی جنگیں رکوانے میں کامیاب ہو چکے ہیں، ’’ہم نے وہ جنگیں ختم کروائیں جنہیں ناممکن سمجھا جا رہا تھا‘‘۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہیں امن قائم کرنے کی ان کوششوں پر نوبل انعام ملنا چاہئے تھا۔