پاکستان میں تباہ کن مون سون بارشیں، سات سو ہلاکتیں , آئی او ایم کا اظہار افسوس

آئی او ایم کے مطابق حالیہ تباہی پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی عکاسی کرتی ہے

0

اسلام آباد، پاکستان : انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے پاکستان میں جاری مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس نے خصوصاً شمالی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی اور جانی نقصان پہنچایا ہے۔

آئی او ایم کے مطابق رواں مون سون کے آغاز سے اب تک سات سو سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ قریباً تین ہزار مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ صوبہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ دنوں آنے والے سیلابی ریلوں نے کئی بستیاں بہا دیں، جس کے باعث متاثرہ خاندان پناہ، خوراک، صاف پانی اور بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں۔

پاکستان میں شیلٹر اور نان فوڈ آئیٹمز (این ایف آئی) سیکٹر کی سرکردہ ایجنسی کے طور پر آئی او ایم حکومت، اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ آئی او ایم کے "کامن پائپ لائن” نظام کے تحت ضروری سامان تیزی سے متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

آئی او ایم نے کہا کہ حالیہ تباہی پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کی عکاسی کرتی ہے اور یہ ضرورت اجاگر کرتی ہے کہ کمزور برادریوں کی مزاحمتی صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے تاکہ آئندہ مزید جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے۔

متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے آئی او ایم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.