پاکستان اور چین کا ہر موسم کی آہنی شراکت داری مزید مستحکم بنانے کا عزم
بیجنگ میں شہباز شریف اور شی جن پنگ کی ملاقات، سی پیک کے نئے مرحلے، علاقائی تعاون اور بے مثال تعلقات پر اتفاق
بیجنگ، : پاکستان اور چین نے منگل کے روز اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنی "آہنی اور ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری” کو مزید مستحکم کریں گے، جو ان کے منفرد دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ دوطرفہ تعلقات اور تعاون وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ کے "گریٹ ہال آف دی پیپل” میں ملاقات کے دوران زیر بحث آئے، جہاں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بے مثال اور منفرد ہیں، اور انہیں مزید مضبوط تعاون کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ مل کر چین-پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے اگلے مرحلے پر بھرپور کام کرے گا، جس میں پانچ نئے راہداری منصوبے شامل ہوں گے۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کو "شنگھائی تعاون تنظیم” (SCO) کے کامیاب اجلاس پر مبارکباد دی اور دوسری جنگ عظیم میں فاشزم کے خلاف جنگ کی 80ویں سالگرہ پر بھی نیک خواہشات پیش کیں۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز اور تبدیلی لانے والی قیادت کو سراہا جس نے چین کو ترقی اور جدیدیت کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر فخر ہے اور ہمیشہ چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار رہے گا۔
انہوں نے چین کی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا اور سی پیک کو صدر شی کے "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” (BRI) کا اہم منصوبہ قرار دیا، جس سے دونوں ممالک ایک "مشترکہ مستقبل کی شراکت داری” کو مزید مضبوط بنا سکیں گے۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی کثیرالجہتی نظام کو فروغ دینے کی پالیسی کو بھی سراہا اور ان کے عالمی اقدامات جیسے "گلوبل گورننس انیشی ایٹو”، "گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو”، "گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو” اور "گلوبل سویلائزیشن انیشی ایٹو” کی بھرپور حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر شی نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں معاونت جاری رکھے گا، خاص طور پر سی پیک کے دوسرے مرحلے میں جو پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر مرکوز ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی کو آئندہ برس پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جب دونوں ممالک اپنی سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔