وزیراعظم شہباز شریف کا بیجنگ میں پاکستان-چین بزنس کانفرنس سے خطاب

"چین کی ترقی ہمارے لیے رول ماڈل ہے، سرمایہ کاروں کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں", اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے

0

بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کی ترقی پاکستان کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے بیجنگ میں منعقدہ دوسری پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس دونوں ممالک کی دیرینہ اور مضبوط دوستی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے 2015 میں سی پیک کی بنیاد رکھی جس کے تحت 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ سی پیک کے نتیجے میں پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پایا گیا اور زراعت و صنعت کے شعبے بحال ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت، صنعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں چین کے تجربات سے استفادہ کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز چینی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ صنعتوں کی منتقلی سے سستی لیبر اور دیگر سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان 21 مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کے تحت 4.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ یہ معاہدے پیٹروکیمیکل، آئرن، شمسی توانائی، الیکٹرک وہیکلز اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان کی معیشت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس پاکستان کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی اور اقتصادی لانگ مارچ اپنے اہداف جلد حاصل کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.