یومِ دفاع پر آئی ایس پی آر کی ڈاکیومینٹری اور نغمہ "اللہ ہو” جاری

غازیوں کی داستانیں اور سرحدوں کے محافظوں کو خراجِ تحسین، پاک افواج کی بہادری اور عوامی جذبے کی عکاسی

0

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ دفاع و شہداء 6 ستمبر کے موقع پر نئی ڈاکیومینٹری جاری کر دی، جس میں جنگِ ستمبر کے غازیوں کی لازوال قربانیاں اور یادگار داستانیں ان کی زبانی پیش کی گئی ہیں۔ ڈاکیومینٹری میں ریاست کے دفاع میں پاک فوج کے عزم و کردار کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی آئی ایس پی آر نے نیا ملی نغمہ "اللہ ہو” بھی جاری کیا ہے، جو گلوکار و موسیقار ساحر علی بگا کی آواز میں ترتیب دیا گیا ہے۔ نغمے میں پاک افواج کی بہادری، عوامی عزم اور وطن سے محبت کے جذبے کو سلام پیش کیا گیا ہے۔

نغمے کے بولوں میں "اللہ ہو” کی گونج دشمن کے لیے للکار اور وطن کی محبت کا پیغام ہے۔ اس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرات، پاک بحریہ کے کارناموں اور پاک فوج کے جوانوں کی جانبازی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

یومِ دفاع پر جاری یہ نغمہ اور ڈاکیومینٹری اس بات کا عہد دہراتی ہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور قوم اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.