صدر آصف علی زرداری کی چیری آٹو کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

الیکٹرک گاڑیاں، گرین انرجی اور مشترکہ منصوبوں پر بات چیت؛ پاکستان نے پالیسی سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

0

شانگھائ: صدر آصف علی زرداری نے منگل کے روز شانگھائی میں چیری ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ اور چیری آٹوموبائل کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ کے چیئرمین یِن ٹونگیو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران صدر زرداری نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان نئی انرجی گاڑیوں، الیکٹرک بسوں اور پرزہ جات کی مقامی تیاری کے لیے پالیسی سپورٹ فراہم کرے گی۔

صدر نے چیری کمپنی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں الیکٹرک بسوں، منی ٹرکوں، گرین انرجی حل اور چارجر انفراسٹرکچر کے مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرے۔ انہوں نے یہ بھی اجاگر کیا کہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مینوفیکچرنگ، معدنیات اور توانائی کے ذخیرہ کرنے کے حل کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

صدر زرداری کے ہمراہ خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

یِن ٹونگیو نے صدر اور ان کے وفد کو چیری آٹو کی عالمی سرگرمیوں، ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے عزم اور بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی کامیابیوں پر بریفنگ دی۔

صدر زرداری نے تفصیلی بریفنگ پر یِن کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں چیری آٹو کی بڑھتی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کمپنی کے الیکٹرک بسیں متعارف کرانے اور مقامی سطح پر تیاری کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

اس موقع پر سندھ کے وزراء شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ کے علاوہ پاکستان کے سفیر برائے چین، خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.