:اسلام آباد
خواتین پارلیمانی کاکس (WPC) نے سیکرٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی سربراہی میں، فریڈرک ایبرٹ فاؤنڈیشن (FES) کے اشتراک سے "وفاقی بجٹ 2025-26: خواتین کے بااختیار بنانے کے لیے صنفی حساس بجٹ” کے عنوان سے ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ بجٹ قومی ترجیحات کا آئینہ دار ہوتے ہیں، لہٰذا ان میں خواتین اور بچیوں کی ضروریات کا احاطہ لازمی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صنفی حساس بجٹ کا مطلب خواتین کے لیے الگ بجٹ بنانا نہیں، بلکہ وسائل کی منصفانہ اور مساوی تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے تعلیم، صحت، سیاسی شرکت اور نگہداشت کے نظام میں صنفی خلا کو پُر کرنے کے لیے WPC کے عزم کو اجاگر کیا اور کہا کہ بجٹ سازی میں صنفی بنیاد پر درست اعداد و شمار کا جائزہ لے کر قابلِ عمل متبادل تجاویز پیش کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر شاہدہ نے پارلیمنٹرینز پر زور دیا کہ وہ صنفی حساس بجٹ کو قومی ترجیح سمجھیں: "آئیے مالی سال 2025-26 کا بجٹ خواتین کے بااختیار بنانے کا ذریعہ بنائیں۔”