بیٹی کو ویکسین لگوانے کا مصطفیٰ کمال کا عمل ہر منفی پراپیگنڈے کا بہترین جواب ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بیٹی کو ویکسین لگوا کر مصطفیٰ کمال نے بطور والد مہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ اقدام قوم کو یقین دلاتا ہے کہ ہماری بیٹیوں کی صحت سب سے مقدم ہے اور یہ عمل ویکسین کے خلاف ہر منفی پراپیگنڈے کا بہترین جواب ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھاکہ صحت کے شعبے کے لیے مصطفیٰ کمال کی قیادت قابلِ فخر ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں سروائیکل کینسر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی صاحبزادی کو ویکسین لگوائی اور بعد ازاں بیٹی کی انگلی پر خود مارک لگایا۔
انہوں نے کہاکہ ’ اس مہم کےآغاز سے ہی گمراہ کن پروپیگنڈا سامنے آرہا ہے، اس پروپیگنڈے کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے اپنی بیٹی کو یہ ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا‘ ۔
وفاقی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ اپنی 30 سالہ سیاسی کیرئیر میں میں کبھی اپنی فیملی کو منظر عام پر نہیں لایا لیکن آج قوم کی ہر بیٹی کی جان کو محفوظ بنانے کیلئے میں نے اکلوتی بیٹی کو یہ ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا۔