فلسطین پر قابض اسرائیلی فورسز نے غزہ کے لیے امداد لیکر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل آخری کشتی کو بھی حراست میں لے لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی کو بھی اسرائیل نے قبضے میں لے لیا ہے۔
قبل ازیں عرب میڈیا کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ صرف ایک کشتی غزہ کی جانب رواں دواں ہے، پولینڈ کے جھنڈے والی کشتی پر 6 افراد سوار ہیں اور یہ کشتی غزہ کی سمندری حدود سے تقریباً 43 ناٹیکل میل دور ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ سے اب تک اسرائیلی فوج 43 کشتیوں کو قبضے میں لے چکی ہے، کشتیوں میں سوار تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں سے 200 سے زائد کارکنان کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق صمود فلوٹیلا کے 200 افراد کو صحرائے نقب کی جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈی پورٹ کیے جانےتک فلوٹیلا کے امدادی کارکنان جیل میں قید رہیں گے۔
پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی جیل منتقلی کی تصدیق نہ ہو سکی۔