پنجاب سے صرف جرم اور گندگی صاف نہیں کی، پنجاب کی ترقی سے جلنے والوں کے دماغوں کی صفائی بھی کردی ہے: مریم

0

صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک بار پھر مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سے صرف جرم اور گندگی صاف نہیں کی ، ایک عورت نے پنجاب کی ترقی سے جلنے والوں کے دماغوں کی صفائی بھی کردی ہے۔

لاہور میں ستھرا پنجاب کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ ستھرا پنجاب کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہوں، ستھرا پنجاب پروگرام کی جیکٹ پہننا میرے لیے اعزاز ہے، یہ وردی پہن کرپیغام دیا ہے کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے پنجاب کے شہروں اور دیہات کو صاف کرکے میرا سرفخر سے بلند کردیا، سیلاب کے بعد ستھرا پنجاب کےکارکنوں نے ہرجگہ شیشے کی طرح چمکا دی، سیلاب میں ستھراپنجاب کےورکرز نےانسانی بند باندھ کرپانی روکا۔

ان کا کہنا تھاکہ گوگی پنکی کے دور میں پاکستان میں تباہی آئی، ہم نےہرضلع کی صفائی کیلئے الگ مشینری فراہم کی، گوگی پنکی کے دور میں ہرجگہ گندگی کےڈھیر لگے ہوئے تھے، صفائی ستھرائی کیلئے اب ایک ضلع کو دوسرے ضلع کی محتاجی نہیں رہی، پہلے عید قربان پرگندگی اورتعفن کا دور دورہ نظر آتاتھا، اب قربانی سے پہلے دروازے پردستک ہو تی ہےکہ آلائشیں دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم جب ملتے ہیں تو میرے کام کی تعریف کرتے ہیں، ان سے کہتی ہوں یہ سب نواز اور شہبازشریف سے سیکھا۔

مخالفین کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی بات نہیں کرے گی تو کون کرے گا؟  میں ان دماغوں کی بھی صفائی کرتی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، سب کو پیسے ملتے ہیں، دوسرے صوبوں کے لوگ اپنی اپنی حکومتوں سے سوال کریں، ٹوٹی سڑکوں، کھٹارا بسوں، کچرے کے ڈھیر اور مہنگے آٹے پر جواب مانگیں، اچھی تعلیم اور روزگار عوام کا حق ہے جس کے لیے آپ کو مانگنے کی ضرورت نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.