’خود کو مرتے دیکھ رہا تھا‘، سنجے دت نے نشے کی لت سے چھٹکارا کیسے پایا؟
بالی وڈ کے سینئر اداکار سنجے دت کا نشے کی لت سے چھٹکارے سے متعلق پرانا بیان وائرل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت کی 1994 میں فلم ’ آتش ‘ کے سیٹ سے لی گئی ایک ویڈیو میں اداکار کو اپنی زندگی کے مشکل سالوں اور اس دوران اپنے خاندان سے ملنے والی سپورٹ پر صاف گوئی سے بات کرتے دیکھا گیا۔
سنجے دت نشے میں کب مبتلاہوئے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت 1980 سے 81 19کے دوران نشے کی لت میں مبتلا ہوگئے تھے، یہ وہ وقت تھا جب ان کی والدہ اداکارہ نرگس شدید بیماری کی حالت میں نیویارک میں زیر علاج تھیں۔
سنجے کی خواہش تھی کہ اداکارہ نرگس سنجے کی پہلی فلم’راکی‘ دیکھیں لیکن نرگس 1981 میں فلم’ راکی‘ کی ریلیز سے صرف 3 دن پہلے انتقال کر گئیں، والدہ کی موت نے سنجے دت پر گہرا اثر ڈالا اور وہ مزید نشے کی عادت میں مبتلا ہوگئے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ سنجے دت نے نشے کی لت پر قابو پاکر اداکاری پر توجہ مرکوز کردی۔
سنجے دت کا بیان
بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں وائرل اس بیان میں سنجے کا کہنا تھا کہ‘ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے خود کو مرتے دیکھا، میں لوگوں سے بھاگ کر باتھ روم بھاگ جانے یا پھر چھپنےسے تنگ آگیا تھا، میں بیمارہورہا تھا اس لیے میں نے اپنے اہل خانہ سے مدد لینے کا فیصلہ کیا‘۔
فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس ‘ کے اسٹارنے نشے کی لت سے چھٹکارے کیلئے ورزش کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ منشیات سے چھٹکارے کیلئے ورزش نے اہم کردار ادا کیا، ورزش جیسی کوئی چیز نہیں، جسمانی سرگرمیاں لوگوں کیلئے مددگار ہوتی ہیں۔
سنجے کو چھونے سے بھی منع کیا گیا تھا: اداکار تنوجا
اس موقع پر فلم ’ آتش ‘ میں ہی اہم کردار نبھانے والے اداکار تنوجا نے بتایا کہ دوران شوٹنگ مجھے سنجے کی نازک حالت کے حوالے سے ڈائریکٹر کی طرف سےآگاہ کیا گیا تھا، فلم کے ایک سین میں مجھے سنجے کو تھپڑ مارنا تھا لیکن ڈائریکٹر نے مجھے کہا تھا کہ شوٹنگ کے دوران سنجے کو چھونا مت، تھپڑ مارنے کیلئے صرف ہاتھ ہلانا کیوں اگر تم اسے چھوؤ گے تو وہ گرجائے گا۔
سنجے دت کی بہن کا بیان
دوسری جانب ایک انٹرویو کے دوران سنجے کی بہن پریا دت نے بھائی کی نشے کی لت چھوڑنے کے سوال پر بتایا تھا کہ ’ بھیا کو صحت یاب ہونے میں تقریباً 3 سے ساڑھے 3 سال لگے، انہیں 2 مرتبہ جرمنی کے ری ہیب سینٹر میں رکھا گیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا، پھر وہ امریکا چلے گئے جہاں وہ9 ماہ تک رہے، اس دوران ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور نہ ہی والد کو ان کے ساتھ رہنے کی اجازت تھی۔
اداکار کی بہن نے مزید بتایا کہ اس کے بعد جب بھیا وطن واپس لوٹے تو انہوں نے کیرئیر کیلئے ایک نیا آغاز کرتے ہوئے منشیات سے منہ موڑ لیا۔