بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ساتھ سیلفی سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تامل ناڈو کی رہائشی سری پریا نامی خاتون ایک پرائیوٹ فرم میں کام کرتی تھی، پریا گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنے شوہر سے علیحدہ رہ رہی تھی، گزشتہ روز پریا کا شوہر اس سے ملنے کے بہانے ہاسٹل پہنچا اور اس نے کپڑوں میں تیز دھار آلہ چھپا رکھا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ پریا اور اس کے شوہر کے درمیان ملاقات کے بعد جھگڑا ہوگیا جس دوران اس کے شوہر بالاموگن نے کپڑوں میں چھپایا ہوا تیز دھار آلہ نکالا اور خاتون کو بے دردی سے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیران کن امر یہ ہے کہ مجرم نے بیوی کو قتل کردینے کے بعد اس کی لاش کے ساتھ سیلفی لی اور اسے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپ لوڈ کردیا۔
ملزم نے دعویٰ کیا کہ خاتون نے اسے دھوکا دیاہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہاسٹل میں بھگڈر مچ گئی لیکن ملزم نے ہاسٹل سے بھاگنے کے بجائے وہاں رک کر پولیس کے آنے کا انتظار کیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ ملزم کو شبہ ہے کہ اس کی بیوی کسی دوسرے شخص کے ساتھ تعلقات میں تھی اور اسے دھوکا دے رہی تھی۔