امریکا کی کئی ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں آگئیں، عمارتیں، مکانات، سڑکیں دو فُٹ سے زائد برف سے ڈھک گئیں۔
امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، نیو یارک، الینوائے اور مشی گن میں ہر جانب سفیدی چھاگئی، الاسکا میں شدید برفباری کے بعد پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، ملک بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شکاگو شہر میں ماہ نومبر میں سب سے زیادہ برف پڑنے کا ریکارڈ بن گیا، شکاگو کے ائیرپورٹ پر 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے، خراب موسم کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار رہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں، یخ بستہ ہواؤں اور برفباری سے سردی کی شدت بڑھنے کی پیشگوئی کردی۔
کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحل کی کئی ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں آسکتی ہیں، پینسلوینیا، نیوجرسی میں بھی برفانی طوفان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں 6 انچ یا اس سے زائد برف پڑنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں آئندہ ہفتے شدید برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری کا امکان ہے۔