وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ٹرینوں میں کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
حنیف عباسی نے پاکستان ریلویز کی 2025 کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز نے 2025 میں 93 ارب روپے سے زائد ریونیو حاصل کیا، مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی میں 50 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے جبکہ سال کے اختتام پر ریلوے تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب آمدن کاسنگِ میل عبور کرلے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کو ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ ریلوے حادثات میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے، سیفٹی ڈائریکٹوریٹ بننے کے بعد حادثات کی شرح 0.09 سے 0.04 فیصد پر آگئی ہے، ڈائریکٹوریٹ بننے کے بعد ریلوے کو سیریس نوعیت کا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کو ملک کا پہلا اسمارٹ اسٹیشن بنا دیا ہے،کیمرے اور سکیورٹی سسٹم نصب ہے، 2026 میں دیگر بڑے اسٹیشنز بھی اسمارٹ بننے جا رہے ہیں، ٹرینوں میں بھی کیمرے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے نے صرف 8 ماہ میں ٹرینوں کے 8 ریکس کو اپ گریڈ کیا، شالیمار، پاک بزنس، لاثانی، فیض احمد فیض ٹرینوں کو اپ گریڈ کیا گیا، دسمبر 2026 تک پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینیں اپ گریڈ کر دیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور، کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد اسٹیشن اپ گریڈ کیے گئے، ریلوے کو ڈیجیٹائز کر دیا ہے، وزارت کا تمام کام ای فائلنگ پر منتقل کر دیا ہے، اب تمام بڑے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم، ڈی وی ایم اور پی او ایس مشینیں موجود ہیں۔
وزیر ریلوے کے مطابق عملے کی حاضری بھی کمپیوٹرائزڈ کر دی گئی ہے، بغیر دفتر آئے کوئی تنخواہ نہیں لے سکتا، 2025 میں قابضین سے 394 ایکڑ اراضی واگزار کروائی گئی، دسمبر 2026 تک قابضین سے ریلوے کی تمام اراضی واگزار کروا لیں گے، تین ریلوے اسکول آؤٹ سورس کر دیے ہیں جبکہ دیگر اگلے 6 ماہ میں کر دیں گے، گیارہ مزید ٹرینیں آؤٹ سورس ہونے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، خانیوال، ملتان، کراچی اور راولپنڈی اسٹیشنوں کی صفائی کا انتظام آؤٹ سورس کیا، اب ان تمام اسٹیشنوں پر رات کے 12 بجے بھی صفائی ملتی ہے، اسٹیشنوں پرکھانے کا معیار بہتر کیا، فوڈ اتھارٹیز کسی بھی وقت چیک کر سکتی ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کراچی تا روہڑی ٹریک بنانے کے منصوبے پر جولائی میں گراؤنڈ بریکنگ ہو جائے گی۔