بیوہ خواتین کو صرف ہمدردی نہیں، حق اور سہارا دے رہے ہیں: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب کا عالمی یومِ بیوگان پر پیغام، "اپنی چھت اپنا گھر" اور "ہونہار اسکالرشپ" جیسے اقدامات بیوہ خواتین کو باوقار زندگی دینے کی کوشش ہے۔
لاہور۔:وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب بیوہ خواتین کے ساتھ صرف ہمدردی نہیں بلکہ انہیں حقوق اور سہارا دے رہی ہے۔
23 جون کو بیوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دین اسلام نے بیوہ خواتین کو عزت، وقار اور ان کے حقوق کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ بیوہ خواتین معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے۔
وزیراعلی نے کہا کہ کشمیر، غزہ اور اب ایران میں جنگوں کے دوران بیوہ ہونے والی خواتین عالمی ضمیر پر ایک چبھتا ہوا سوال ہیں، جن کے زخموں پر مرہم رکھنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بیوہ خواتین کے ساتھ صرف ہمدردی نہیں بلکہ انہیں حقوق اور سہارا دے رہی ہے۔ "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت بیوہ خواتین اور سنگل مدرکو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔مریم نواز شریف نے بتایا کہ بیوہ خواتین کے بچوں کو "ہونہار اسکالرشپ” پروگرام میں بھی ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں پیچھے نہ رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیوہ خواتین کی معاونت کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔وزیراعلی نے کہا کہ بیوہ خواتین کے مسائل کا حل صرف حکومتی نہیں بلکہ معاشرتی ترجیح بھی ہونا چاہیے۔