"عمران خان کا حکم آیا تو ایک منٹ میں اسمبلی تحلیل کر دوں گا” ، علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اسمبلی اجلاس میں دھواں دار خطاب، بجٹ اجلاس نہ بلانے پر گورنر اور وفاقی حکومت پر سنگین الزامات
پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان حکم دیں تو وہ ایک منٹ میں اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گورنر نے سازش کے تحت بجٹ اجلاس نہیں بلایا اور وفاقی حکومت معاشی ایمرجنسی کا بہانہ بنا کر صوبائی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان کے مینڈیٹ کو چرایا گیا، اور فارم 47 کی بنیاد پر حکومتیں بنائی گئیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمشنر راولپنڈی کا بیان اس سازش کی تصدیق کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے فیصلوں پر من و عن عمل کریں گے اور بجٹ ہر صورت منظور کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو طاقت کا غلط استعمال کرے گا وہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑا ہوگا۔