راولپنڈی:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آسٹریلیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے سالانہ دفاعی اور سلامتی مذاکرات کے 14ویں اجلاس میں شرکت کی۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اپنے دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد نے آسٹریلیا کی اعلیٰ عسکری اور سویلین قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں ڈیفنس فورسز کے سربراہ ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن، نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر جنرل اینڈریو شیئرر، آسٹریلوی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ اور وزارت خارجہ و تجارت کی انسداد دہشت گردی کی سفیر جیما ہگنس شامل تھیں۔
مذاکرات میں دونوں ممالک نے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال، باہمی فوجی تعاون، اور موجودہ دوطرفہ عسکری تبادلوں کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر دفاعی افہام و تفہیم کو مستحکم کرنے اور فوجی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔
اپنے دورے کے دوران جنرل ساحر نے آسٹریلین ڈیفنس کالج میں “پاکستان کی سلامتی کے تناظر” پر لیکچر دیا، جس میں انہوں نے جنوبی ایشیاء میں پاکستان کے امن کردار اور خطے میں استحکام کے لیے کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آسٹریلوی بحری جہاز HMAS ایڈیلیڈ کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے آغاز پر سی ڈی ایف کے دفتر پہنچنے پر جنرل ساحر کو آسٹریلیا کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے۔