فوج کا سیاست سے واضح لاتعلقی کا اعلان
سیاستدان خود بات کریں، فوج صرف ریاستی احکامات کی پابند ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ فوج کا سیاسی جماعتوں سے براہ راست رابطے میں کوئی دلچسپی نہیں، سیاستدان آپس میں بات کریں، فوج صرف ریاست سے بات کرتی ہے جو آئین کے تحت سیاسی جماعتوں کے مجموعے پر مشتمل ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ "افواجِ پاکستان آئین کے دائرے میں رہ کر حکومت وقت کے احکامات کے مطابق کام کرتی ہیں۔”
انٹرویو 18 مئی کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی، فوجی کردار، اور سیاسی الزامات پر سوالات کیے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ جب ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے، تو کچھ سیاسی قوتیں فوج پر الزامات لگا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹاتی ہیں۔ "یہ رویہ ان کی نااہلی یا سیاسی کمزوریوں کا مظہر ہے۔ ہم صرف درخواست کرتے ہیں کہ فوج کو اپنی سیاست سے دور رکھیں۔”
فوج کے اندرونی اختلافات سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ "یہ تمام افواہیں سیاسی مقاصد کے تحت پھیلائی جاتی ہیں۔ فوج اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر بھرپور توجہ دیتی ہے، قوم نے ہمیشہ دیکھا ہے کہ جب بھی ضرورت پڑی، فوج نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کیں۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ "ہم عوام کی فوج ہیں، ہمارے اقدامات کا مقصد پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سلامتی، اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ سیاسی بنیادوں پر قائم مفروضوں پر توجہ دینا غیر ضروری ہے۔”
ایک اور سوال پر کہ فوج دیگر شعبوں جیسے معیشت، ٹیکنالوجی، اور ایڈمنسٹریشن میں کیوں متحرک ہے، ان کا جواب تھا کہ "فوج ہمیشہ حکومت وقت کے احکامات پر عمل کرتی ہے۔ کورونا کے دوران این سی او سی کی قیادت فوج نے سنبھالی، پولیو مہم میں ہمارا ساتھ لیا جاتا ہے، بجلی چوری روکنے سے لے کر نہریں صاف کرنے تک، یہ سب کام فوج نے حکومت کی درخواست پر کیے ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ "ہمیں جب بلایا جاتا ہے، ہم حاضر ہوتے ہیں۔ فوج اپنی مرضی سے کہیں تعینات نہیں ہوتی بلکہ یہ فیصلہ ہمیشہ حکومت وقت کرتی ہے۔”
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف اندرونی طور پر متحد ہیں بلکہ پوری قوم کی تائید بھی ان کے ساتھ ہے۔ "ہم ایک چٹان کی طرح یکجا ہیں، اور ہماری خدمت کا مرکز صرف پاکستان اور اس کے عوام ہیں۔”