لاہور: دورہ بنگلا دیش کیلئے قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن جولائی کے پہلے ہفتے لاہور پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن 6 یا 7 جولائی کو قومی ٹیم کو جوائن کریں گے، جبکہ ان کی آمد کے ساتھ ہی سلیکشن کمیٹی کا اہم اجلاس بھی متوقع ہے۔
سلیکشن کمیٹی کپتان اور ہیڈ کوچ سے مشاورت کے بعد بنگلا دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز ڈھاکہ میں کھیلی جائے گی جس کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں لگانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں ایک بار پھر نوجوان کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ سینئر کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان کی شرکت کے امکانات کم ہیں۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی اور 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز میں شرکت کرے گی۔ یاد رہے کہ مائیک ہیسن گزشتہ ماہ بنگلادیش کے خلاف سیریز کے بعد چھٹی پر نیوزی لینڈ چلے گئے تھے۔