لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک افسوسناک واقعے میں شہاب خیل امن کمیٹی کے صدر غلام دستگیر اور ان کے دو ساتھی نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ وانڈہ کڑہ کے قریب پیش آیا جہاں غلام دستگیر اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک کار میں سوار ہو کر قبول خیل کے علاقے میں ایک تنازعے کے تصفیے کیلئے جا رہے تھے۔
اسی دوران نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں غلام دستگیر، سلیم خان اور صلاح الدین موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ غلام دستگیر وانڈہ شہاب خیل کی امن کمیٹی کے صدر تھے اور وہ اپنے ساتھیوں سمیت علاقہ بدامنی کے خلاف روزانہ رات کو گشت کرتے تھے۔ ان کے قتل سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔