راولپنڈی14 سالہ لڑکی اغوا کے بعد قتل، بوری بند لاش برآمد

0

راولپنڈی (غلام مصطفیٰ بھٹی) ڈھوک حسو کے علاقے میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی کی بوری بند لاش لیڈیز پارک، کیرج فیکٹری روڈ کے قریب سے برآمد ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت مصباح کے نام سے ہوئی ہے، جو 22 جنوری کو گھر سے قریبی دکان پر بوتل لینے گئی تھی تاہم واپس نہ لوٹی۔
لڑکی کے لاپتہ ہونے پر اس کے بھائی کی مدعیت میں 23 جنوری کو تھانہ رتہ امرال میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مدعی نے موقع پر پہنچ کر لاش کی شناخت کر لی، جس کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد یہ بات واضح ہو سکے گی کہ آیا لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا یا نہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
لاش ملنے کی اطلاع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی راول کو پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تفتیشی عمل کا جائزہ لیا۔
سی پی او راولپنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم یا ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کو کسی صورت قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا اور تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.