بہار میں بجلی مفت، شمسی توانائی کی جانب پیش قدمی

وزیراعلیٰ نتیش کمار کا بڑا اعلان,یکم اگست سے ہر گھر کو ماہانہ 125 یونٹ بجلی مفت، تین سال میں 10,000 میگاواٹ سولر بجلی پیدا کرنے کا ہدف۔

0

بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاستی انتخابات سے قبل عوام کو ریلیف دینے کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اگست سے ریاست بھر کے تمام گھریلو صارفین کو ہر ماہ 125 یونٹ بجلی بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام جولائی کے مہینے کے بجلی بل سے لاگو ہوگا اور اس کا فائدہ تقریباً ایک کروڑ 67 لاکھ خاندانوں کو پہنچے گا۔

نتیش کمار، جو وزیراعلیٰ کے طور پر اپنی دسویں مدت کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے ”ایکس“ پر لکھا، ’ہم ابتدا ہی سے تمام شہریوں کو سستی بجلی فراہم کرتے آ رہے ہیں، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم اگست سے ریاست کے تمام گھریلو صارفین کو 125 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔‘

وزیراعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ آئندہ تین برسوں میں ریاست بھر میں سولر توانائی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق گھریلو چھتوں پر یا قریبی عوامی مقامات پر سولر پاور پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔

نتیش کمار نے کہا کہ غریب خاندانوں کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب پر آنے والے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جو ’کُٹیر جیوَتی یوجنا‘ کے تحت ہوں گے۔ باقی خاندانوں کو بھی حکومت کی جانب سے مالی معاونت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ گھر شمسی توانائی سے منسلک ہو سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ تین برسوں میں ریاست میں 10,000 میگا واٹ تک شمسی توانائی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.