وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چوہدری نصیر احمد عباس اور صدر مسلم لیگ ن جاپان ملک نور اعوان کی ملاقات

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو 

0

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے ہفتہ کے روز ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک نور اعوان نے وزیراعلیٰ کو پنجاب میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے پیش نظر اوورسیز پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کے رجحان سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور مسائل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نعرے نہیں بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر مساوی ترقی اور ہر شہری کی فلاح کو یقینی بنا رہے ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ ماڈل ولیج منصوبے کے تحت دیہی علاقوں کو شہر جیسی معیاری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ 12,000 کلومیٹر سڑکیں تعمیر یا بحال کی جا چکی ہیں جبکہ دسمبر 2025 تک 18,000 کلومیٹر سڑکوں کا ہدف ہے۔ مزید یہ کہ 10 ملین سے زائد مریض موبائل فیلڈ اسپتالوں اور کلینکس سے مستفید ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں کردار ناقابلِ فراموش ہے، وہ پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پنجاب حکومت ان کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

چوہدری نصیر احمد عباس اور ملک نور اعوان نے پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات اور وزیراعلیٰ کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ چوہدری نصیر نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب عوامی خدمت میں نئی مثالیں قائم کر رہا ہے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعلیٰ کے وژن اور انتھک محنت کو سراہتے ہیں، جس سے ان کا اپنے وطن کے روشن مستقبل پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتی رہے گی اور انہیں قومی ترقی میں شمولیت کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.