پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے میچز کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ایشیا کپ پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 9 سے 28 ستمبر تک منعقد ہوگا۔
محسن نقوی کے مطابق ٹورنامنٹ میں کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے ہوں گے اور تفصیلی شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان، یو اے ای، عمان، ہانگ کانگ اور بنگلادیش شامل ہیں۔
ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں افغانستان اور ہانگ کانگ 9 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے جبکہ بھارت اور یو اے ای کا میچ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلہ ہوگا جو 14 ستمبر کو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں ہوں گے اور کم از کم دو مرتبہ آمنے سامنے آئیں گے۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل تک پہنچتی ہیں تو یہ ٹاکرا تیسری بار بھی ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی کو حکومتی اجازت مل چکی ہے اور پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے بھی گرین سگنل دیا جا چکا ہے۔
ایشیا کپ 2025 کا تفصیلی شیڈول آئندہ 48 گھنٹوں میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔