توشہ خانہ کی ڈیجیٹلائزیشن کا فیصلہ، شفافیت کی نئی راہ ہموار

وفاقی حکومت کا شفاف نظام کی جانب بڑا قدم، تحائف کا ریکارڈ اب ہوگا ٹریک اینڈ ٹریس ایپ سے منظم اور قابلِ رسائی

0

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نظام کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسے مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق اس مقصد کے لیے ایک خصوصی انوینٹری ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے جس کے تحت تحائف کا ٹریک اینڈ ٹریس اور آڈٹ ممکن بنایا جائے گا۔

یہ ایپلی کیشن محکمہ داخلہ پنجاب کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے جو توشہ خانہ کے ریکارڈ کو خودکار نظام کے تحت منظم کرے گی۔

اس اقدام کا مقصد سرکاری و حکومتی عہدیداروں کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کے ریکارڈ کو شفاف اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

کابینہ کمیٹی نے توشہ خانہ قواعد سے متعلق سفارشات کو بھی حتمی شکل دے دی ہے جو جلد منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ 2024 تک توشہ خانہ میں جمع ہونے والے تحائف کا ریکارڈ پہلے ہی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا جا چکا ہے جبکہ نیا خودکار نظام جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.