اسلام آباد (رپورٹ: سید محمد یاسین ہاشمی) — پاکستان کی کم عمر مگر بلند حوصلہ بیٹی، 11 سالہ فاطمہ نسیم نے ایک اور شاندار عالمی ریکارڈ اپنے نام کر کے پاکستان کو فخر کا موقع دے دیا۔ فاطمہ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں انوکھا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دونوں ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر ایک منٹ میں 302 فل ایکسٹینشن پنچز مار کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جس کی باضابطہ تصدیق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کر دی ہے۔
فاطمہ نسیم اب تک پاکستانی تاریخ میں سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والی شخصیت بن چکی ہیں۔ انہوں نے نہ صرف بھارت کے مضبوط ترین انسٹرکٹرز کو چار مرتبہ شکست دی، بلکہ ہر بار پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔
اس سے قبل فاطمہ نے صرف سات سال کی عمر میں اپنا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کر کے بھارت کو شکست دی تھی، اور تب سے اب تک وہ متعدد مرتبہ بھارت کے تجربہ کار کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے فاطمہ کو 250 پنچز کا ہدف دیا گیا تھا، تاہم اس ننھی مگر پرعزم لڑکی نے یہ ہدف عبور کرتے ہوئے 302 پنچز مارے اور ایک نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ ان کی یہ کامیابی گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔
فاطمہ نسیم نے اس کامیابی کو "معرکہ حق” کی کامیابی قرار دیتے ہوئے اسے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کے نام کر دیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں فاطمہ نے وزیراعظم پاکستان، گورنر سندھ، اور وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
ننھی فاطمہ نے قوم کے بچوں کے لیے یہ پیغام دیا کہ لگن، حوصلے اور محنت سے کچھ بھی ممکن ہے، بس خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت بنانے کا عزم ہونا چاہیے۔