میران شاہ میں قبائلی جرگہ: فتتہ الخوارج کے خلاف اتحاد، امن و ترقی پر اتفاق
قبائلی مشران کا پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل اعتماد، تعلیم و ترقی کے اقدامات میں بھرپور تعاون کا اعلان
شمالی وزیرستان:میران شاہ میں یکم اگست کو پاک فوج کے تعاون سے ایک اہم قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں قبائلی مشران اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جرگے کا مقصد علاقے میں امن کے قیام، فتتہ الخوارج اور شرپسند عناصر کے خاتمے، اور ترقیاتی امور پر مشاورت کرنا تھا۔
شرکاء نے پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ قبائلی مشران نے سیکیورٹی فورسز، پاک فوج اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جرگے میں جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے قبائلی عوام کے جذبے، قربانیوں اور امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے قیام میں قبائلی مشران کا کردار نہایت اہم ہے۔
قبائلی مشران نے علاقے میں تعلیم، صحت، اور بالخصوص بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور ان منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔