لاہور: ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں بچوں نے ایرانی صدر کو گلدستے پیش کیے اور روایتی انداز میں خیر مقدم کیا گیا۔
استقبال کے بعد ایرانی صدر، نواز شریف اور مریم نواز ایک ہی گاڑی میں ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔ لاہور ایئرپورٹ کو پاکستان اور ایران کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا اور ریڈ کارپٹ استقبال کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔
ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت کئی اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ صدر پزشکیان مزار اقبال پر حاضری دینے کے بعد آج شام اسلام آباد روانہ ہوں گے، جہاں ان کے اعزاز میں ضیافت دی جائے گی اور وہ صدر آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سرحدی سلامتی، علاقائی امن اور سرحدی منڈیوں کے فروغ پر تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک ایران تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایران کو یورپ سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
صدر پزشکیان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاک-ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ ان کا یہ تاریخی دورہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اقتصادی، سکیورٹی اور سفارتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.