افواجِ پاکستان کا یومِ استحصال پر کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ
بھارت کے جابرانہ اقدامات علاقائی امن کے لیے خطرہ، کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رہے گی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
راولپنڈی: یومِ استحصال کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہانِ بحریہ و فضائیہ اور افواجِ پاکستان نے بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے بہادر عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواجِ پاکستان کشمیریوں کی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جاری جائز جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گی۔ یہ جدوجہد کشمیریوں کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے، جسے بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ اقدامات سے دبایا نہیں جا سکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے جارحانہ رویے، اشتعال انگیز بیانات اور ظلم پر مبنی پالیسی نہ صرف خطے میں امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ انسانی المیے کو بھی شدید تر بنا رہے ہیں۔
افواجِ پاکستان نے بھارتی ظلم کے خلاف جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی اس جدوجہد میں پاکستان قدم بہ قدم ان کے ساتھ کھڑا ہے۔