یومِ استحصال کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی ناکام کوشش کا نشان ہے: سپیکر قومی اسمبلی

5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام غیر قانونی اور ناقابل قبول، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رہے گی: ایاز صادق

0

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے کیا گیا غیر قانونی اقدام کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبانے کی ایک ناکام کوشش تھی، جسے کشمیری عوام نے پوری طرح مسترد کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت اور حقِ ملکیت کو ختم کرنا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ استحصال کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے، ان سے یکجہتی کے اظہار اور بھارتی جارحیت کے خلاف مزاحمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان کا استقامت سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے کھڑے رہنا قابلِ تحسین ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے بنیادی حق کی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.