ماہانہ 60 ہزار وظیفہ، 2000 زرعی گریجویٹس کو انٹرن شپ کا موقع، 8 اگست 2025 درخواست کی آخری تاریخ

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا انٹرن شپ پروگرام زرعی شعبے کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے: وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی

0

راولپنڈی: وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی جانب سے زرعی گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور زرعی شعبے کی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ اس پروگرام سے نہ صرف بی ایس سی آنرز ایگریکلچر اور ایگریکلچرل انجینئرنگ کے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل ہوگا بلکہ مالی معاونت بھی ملے گی، جس سے وہ معاشی دباؤ سے آزاد ہو کر بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔

یہ بات انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن راولپنڈی ڈویژن شاہد افتخار بخاری، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر طارق مختار، رجسٹرار محمد عقیل سلطان اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے زرعی تعلیم اور عملی تربیت کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے طلبا کو فیلڈ میں براہِ راست کام کرنے کا موقع ملے گا جو ان کے کیریئر کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گا۔

محکمہ زراعت پنجاب کے تحت اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 2000 ایگری کلچر گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ اس انٹرن شپ کے لیے اہل امیدواروں کی عمر کی حد 25 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 8 اگست 2025 ہے۔

درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ یا متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، اور بھرے ہوئے فارم متعلقہ دفاتر میں جمع کرائے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر اور ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن نے دو طرفہ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ انٹرن شپ پروگرام نہ صرف زرعی تعلیم کو مضبوط کرے گا بلکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.