بلوچستان کی ترقی وفاق کی اولین ترجیح ہے: اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر ایاز صادق اور گورنر جعفر مندوخیل کی ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان، اور, بین الصوبائی ہم آہنگی پر اتفاق,بھارتی پشت پناہی میں دہشتگردی ناقابل قبول
اسلام آباد
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے اہم ملاقات کی، جس میں وفاقی و صوبائی روابط، بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال اور پارلیمانی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح وفاق کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بھارتی پشت پناہی میں جاری دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "فتنہ الہندوستان بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے، لیکن ریاستی ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اس چیلنج سے نمٹ رہے ہیں۔ پوری قوم بھارتی دہشتگردی کے خلاف یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔”
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان، اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں جاری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مضبوط روابط ہی بلوچستان کی ترقی کی ضمانت ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا۔ وفاقی اداروں میں بلوچستان کی مؤثر نمائندگی اور بین الصوبائی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
آخر میں گورنر مندوخیل نے اسپیکر سردار ایاز صادق کی غیر جانبدارانہ قیادت اور پارلیمانی عمل کو خوش اسلوبی سے چلانے پر ان کی تعریف کی، جبکہ اسپیکر نے بلوچستان کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔